کے ڈی اے کی ریکوری میں ریکارڈ اضافہ

کے ڈی اے کی ماہانہ ریکوری 12 سے بمشکل 14 کروڑ روپے ہو رہی تھی جبکہ جولائی میں یہ ریکوری 22 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے

ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) کی ریکوری میں اضافہ  ہوگیا ہے جہاں  12کروڑ کے مقابلے میں ریکوری 22کروڑ سے تجاوز کر گئی اور گزشتہ ماہ (جولائی) میں ہونے والی ریکوری نے ایک سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔

کے ڈی اے ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کی ادارہ ترقیات کراچی کومالی بحران سے نکالنے کی حکمت عملی کامیاب ہوگئی ہے جبکہ محکمہ لینڈ کی جانب سے ٹرانسفر موٹیشن سمیت دیگر لینڈ کیسز کی فائلوں میں بلاجواز رکاوٹ ڈالنے اور فائلوں کو روکے جانے کے باعث ادارے کی ریکوری بری طرح سے متاثر ہورہی تھی۔

ذرائع نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ لینڈ کے افسران مبینہ مالی فرمائش پوری نہ ہونے کے باعث لینڈ کیسز کی فائلیں روک کر انہیں التوا کا شکار کرنے میں مبینہ طور پر ملوث تھے تاہم صورت حال کا علم ہونے پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کی جانب سے اس کا سختی سے نوٹس لیا گیا۔

اس حوالے سے مزید بتایا کہ نوٹس لینے کے بعد محکمہ لینڈ سے محکمہ ریکوری کو فائلوں کی ترسیل کا عمل شروع ہوگیا ہے جس کے بعد محکمہ ریکوری نے کیسز کو جلد از جلد نمٹا کر ادارے کی گرتی ہوئی ریکوری کو بڑا سہارا دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ کے ڈی اے کی ماہانہ ریکوری 12 سے بمشکل 14 کروڑ روپے ہو رہی تھی جبکہ جولائی میں یہ ریکوری 22 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔

محکمہ ریکوری کے گزشتہ 6 ماہ کے اعداوشمار کے مطابق فروری2026 میں کے ڈی اے کی ریکوری 13 کروڑ70  لاکھ روپے، مارچ میں12کروڑ 11 لاکھ روپے، اپریل میں16 کروڑ77 لاکھ روپے، مئی میں14 کروڑ20 لاکھ، جون میں17 کروڑ35 لاکھ روپے اور جولائی میں ریکوری 22 کروڑ 14 لاکھ روپے سے زائد کی گئی ہے۔

Load Next Story