کولیسٹرول کم کرنے والی ٹیکنالوجی سے متعلق اہم انکشاف!
ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ خون سے کولیسٹرول کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایفیریسس ٹیکنالوجی جسم میں موجود مضر ’فورایور کیمیکلز‘ کو بھی خارج کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ایفیریسس مشینیں ایسے مریضوں کے علاج میں استعمال ہوتی ہیں جن کے خون میں کولیسٹرول کی سطح عام ادویات سے قابو میں نہیں آتی۔ اس عمل میں ایک بازو سے خون نکال کر اس میں موجود چکنائی کو فلٹر کیا جاتا ہے، پھر صاف شدہ خون دوسرے بازو کے ذریعے جسم میں واپس پہنچا دیا جاتا ہے۔
جرمنی کی ٹیکنیکل یونیورسٹی آف ڈریسڈن میں قائم دنیا کے سب سے بڑے ایفیریسس مرکز میں ہر سال تقریباً 10 ہزار ایسے علاج کیے جاتے ہیں۔
نئی تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے استعمال شدہ فلٹر بیگز کا تجزیہ کیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ چکنائی کے ساتھ مشین نے اور کون سے ذرات کو بھی خون سے الگ کیا۔
محققین خاص طور پر یہ جاننا چاہتے تھے کہ آیا یہ فلٹر جسم میں طویل عرصے تک باقی رہنے والے زہریلے فوریور کیمیکلز اور مائیکرو پلاسٹکس کو بھی مؤثر انداز میں خارج کر سکتا ہے یا نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مزید تحقیق میں ان نتائج کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ طریقہ مستقبل میں ماحول سے پیدا ہونے والی مضر آلودگی کے اثرات کم کرنے کے لیے بھی اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔