مرونل ٹھاکر کی ڈیپ فیک ویڈیوز، اداکارہ نے سخت کارروائی کی وارننگ دے دی

مرونل ٹھاکر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی ڈیپ فیک ویڈیوز اور تصاویر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے

بالی ووڈ اداکارہ مرونل ٹھاکر نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے جانے والے جعلی مواد کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان کی شناخت کا غیر قانونی استعمال فوری طور پر بند کیا جائے، بصورت دیگر وہ ذمے دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مرونل ٹھاکر نے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی ڈیپ فیک ویڈیوز اور تصاویر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کی شناخت کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے غلط مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابلِ قبول عمل ہے۔

مرونل ٹھاکر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ جو افراد ان کے نام یا چہرے کو استعمال کرتے ہوئے اے آئی سے جعلی ویڈیوز یا تصاویر تیار کر رہے ہیں یا انہیں پھیلا رہے ہیں، وہ فوری طور پر ایسا کرنا بند کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو وہ قانونی راستہ اختیار کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گی۔

اداکارہ کے بیان کے بعد ایک بار پھر ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس سے وابستہ خطرات پر بحث شروع ہوگئی ہے۔ ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز اور تصاویر نہ صرف کسی فرد کی ساکھ اور نجی زندگی کو متاثر کر سکتی ہیں بلکہ ان کے قانونی اور سماجی مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ سمیت دنیا بھر کی شوبز انڈسٹری میں ڈیپ فیک مواد ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جس کے باعث متعدد فنکار اپنی شناخت، پرائیویسی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے سخت قوانین اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Load Next Story