حیدرآباد، لوٹ مار کے دوران فائرنگ، یوسی چیئرمین سمیت 3 افراد زخمی، ملزمان فرار

زخمی ہونے والوں میں یو سی چیئرمین کا بھائی بھی شامل ہے

فوٹو: فائل

حیدرآباد:

لطیف آباد یونٹ نمبر 11 میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں یوسی چیئرمین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں یوسی چیئرمین عارف قریشی، ان کے بھائی آصف قریشی اور رضا نامی نوجوان شامل ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث یوسی چیئرمین عارف قریشی اور دیگر افراد یوسی دفتر کے باہر کرسیاں لگا کر بیٹھے ہوئے تھے کہ اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار تین ملزمان وہاں پہنچے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کردی۔

پولیس کے مطابق واردات کے دوران وہاں موجود افراد نے ایک ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے اور ملزمان اپنے ساتھی کو چھڑا کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے پیدل فرار ہوئے بعد ازاں کچھ فاصلے پر ایک نوجوان سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرلیے ہیں جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

Load Next Story