آزاد کشمیر انتخابات، امیدوار کے بھانچے کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ، اہلخانہ معجزانہ طور پر محفوظ
تھانہ روات کے علاقے مانکیالہ پل کے قریب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے امیدوار عبدالخطیب کے بھانجے اور اس کے اہلخانہ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ خوش قسمتی سے گاڑی میں سوار تمام افراد محفوظ رہے تاہم گاڑی کو نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق برطانوی شہریت کے حامل ذوالقرنین اپنے کزن کی شادی میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہوئے تھے۔ واقعے کے وقت وہ اپنی اہلیہ اور دو کم سن بچوں کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ذوالقرنین کی گاڑی کے عقب میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے امیدوار عبدالخطیب کی انتخابی مہم کا پوسٹر آویزاں تھا۔ جب گاڑی مانکیالہ پل کے قریب پہنچی تو سیاہ رنگ کی ایک گاڑی میں سوار نامعلوم افراد نے ان پر براہ راست فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی کو گولیاں لگیں تاہم ذوالقرنین، ان کی اہلیہ اور دونوں بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی شواہد اکٹھے کیے اور نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔