فٹبال میچ کے دوران طوطے کا کھلاڑیوں پر حملہ، ریفری کو کھیل روکنا پڑ گیا

سوشل میڈیا صارفین نے طوطے کو میچ کا سب سے یادگار کھلاڑی قرار دے دیا

برازیل میں جاری انڈر 15 فٹبال میچ کے دوران ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک بڑے نیلے رنگ کے طوطے نے میدان میں داخل ہو کر کھلاڑیوں کو پریشان کردیا اور میچ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑ گیا۔

فلیمینگو اور سیارا کے درمیان کھیلے جا رہے میچ کے 17ویں منٹ میں اچانک ایک طوطا میدان میں آگیا۔

رپورٹس کے مطابق طوطا اڑتا ہوا فلیمینگو کے ایک دفاعی کھلاڑی پر جا بیٹھا جس کے باعث کھلاڑی اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گر گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ طوطا تقریباً 15 منٹ تک میدان میں موجود رہا پھر خود ہی اڑ کر چلا گیا، جس کے بعد میچ دوبارہ شروع کیا گیا۔

لیکن حیرت انگیز طور پر پہلے ہاف کے دوران طوطا ایک بار پھر میدان میں واپس آگیا اور میچ دوسری مرتبہ روکنا پڑا۔

بالآخر میچ بغیر کسی مزید رکاوٹ کے مکمل ہوا جہاں سیارا کی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے فلیمینگو کو 2-1 سے شکست دے دی۔

یہ دلچسپ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا جہاں صارفین نے طوطے کو میچ کا سب سے یادگار کھلاڑی قرار دے دیا۔

Load Next Story