کراچی، ڈیڑھ سالہ شیر خوار بچی درندہ صفت انسان کی حیوانیت کا شکار بن گئی

ملزم قریبی رشتے دار ہے اور وہ اکثر بچی کو چیزیں دلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے جایا کرتا تھا

کراچی:

شہر قائد کے علاقے قیوم آباد میں پیش آنے والے ایک دلخراش واقعے نے ہر آنکھ اشکبار کر دی۔ جہاں ایک ڈیڑھ سالہ بچی شیر خوار بچی درندہ صفت انسان کی حیوانیت کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھی بچی کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق بچی کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔

ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ کم سن بچی آئزہ کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اس کی موت واقع ہوئی۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں منان نامی شخص کو انہوں نے خود پکڑ کر ڈیفنس تھانے کی پولیس کے حوالے کیا۔

ورثا کے مطابق ملزم ان کا قریبی رشتے دار ہے اور وہ اکثر بچی کو چیزیں دلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے جایا کرتا تھا۔

پولیس نے ملزم کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ واقعے کی اصل نوعیت جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی میت کو چھیپا سرد خانے سے غسل و کفن کے بعد چھیپا ایمبولینس کے ذریعے قیوم آباد ڈی ایریا گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل اور فرانزک شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Load Next Story