یوکرینی سبزی فروش کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی خوف ناک ویڈیو سامنے آگئی
کیف: یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کی افواج خیرسون شہر میں عام شہریوں کو جان بوجھ کر ڈرون حملوں کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے اس عمل کو "ہیومن سفاری" قرار دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا کہ اس میں ایک روسی ڈرون کو سڑک کنارے سبزیاں فروخت کرنے والے شہری کا تعاقب کرتے اور پھر اس کے قریب دھماکا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ دنیا کو یہ مناظر ضرور دیکھنے چاہییں تاکہ معلوم ہو سکے کہ روسی فوجی شہریوں کو قتل کرنے اور انہیں خوفزدہ کرنے میں کس حد تک جا سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے شخص کی شناخت یوری کے نام سے ہوئی ہے، جو خیرسون میں سڑک کنارے سبزیاں فروخت کر رہا تھا۔
خیرسون ریجن کے سربراہ اولیگزینڈر پروکودین کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں زخمی سبزی فروش نے بتایا کہ اس نے ڈرون آپریٹرز کو یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ وہ صرف سبزیاں فروخت کر رہا ہے۔
یوری کے مطابق، ’میں انہیں اشارہ کر رہا تھا کہ دیکھو، میرے پاس صرف سبزیاں ہیں، لیکن ڈرون سیدھا میری طرف آنے لگا۔ میں بھاگا، پھر وہ میری گاڑی کے قریب آ کر پھٹ گیا۔‘
ڈاکٹروں کے مطابق دھماکے میں یوری کے جسم، بازوؤں اور ٹانگوں میں شیل کے ٹکڑے لگے جبکہ اسے دماغی جھٹکا بھی آیا۔ تاہم بروقت طبی امداد ملنے پر اس کی جان بچ گئی۔
یوکرینی حکام نے اس واقعے کو عام شہریوں کے خلاف دانستہ حملہ قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کا نوٹس لیا جائے۔
دوسری جانب روس کی جانب سے اس ویڈیو یا یوکرین کے الزامات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ویڈیو کی آزاد ذرائع سے بھی مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔
New fear unlocked:
— iFii (@iffiViews) August 4, 2026
A man was reportedly identified first, then targeted by a drone attack. He survived, but suffered severe injuries.
The future is arriving faster than most people expected 😭 pic.twitter.com/jAsuu5aO62
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور یوکرین ایک دوسرے پر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کر رہے ہیں اور جنگ کے دوران شہری ہلاکتوں پر عالمی تشویش میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔