کراچی: پی ٹی آئی کا فوارا چوک پر احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد کارکنان زیر حراست
پی ٹی آئی کراچی کے فوارا چوک پر احتجاج میں رہنما مسرور سیال کی گرفتاری کا مںظر (فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب/ایکسپریس)
پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے یوم سیاہ کشمیر کے دن احتجاج پر پولیس نے مظاہرین کو فوارا چوک پر روک دیا، لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فوارا چوک پر پی ٹی آئی سندھ کی جانب سے پانچ اگست کشمیر کے معاملے پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور متعدد پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا جن میں پی ٹی آئی رہنماء مسرور سیال بھی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور سیال کی گرفتاری پر پی ٹی آئی صدر حلیم عادل شیخ کی جانب سے شدید اظہار مذمت کیا گیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 5 اگست یومِ سیاہ کے پُرامن احتجاج پر ڈاکٹر مسرور سیال سمیت پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، سندھ پولیس نے شہریوں کے آئینی حقِ احتجاج پر حملہ کیا ہے، یہ جمہوری اقدار کے منافی اقدام ہے، پیپلزپارٹی نے سندھ میں جمہوریت کے نام پر آمریت قائم کر رکھی ہے، سیاسی کارکنوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے بجائے جمہوری روایات کا احترام کرے، پی ٹی آئی کے پرامن کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن ناقابلِ قبول ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، آج پورے سندھ میں عمران خان کی رہائی کے لئے پُرامن احتجاج کیا جارہا ہے۔