شہباز حکومت 5 سال پورے کرے گی لیکن نظام تباہ ہوچکا ہے، محسن نقوی
فوٹو: فائل
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نظام کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم رہتے ہوئے ایک دفعہ پھر دہرایا ہے کہ 80 سال سے موجود نظام تباہ ہوگیا ہے لیکن حکومت 5 سال پورے کرے گی اور شہباز شریف 5 سال تک وزیراعظم رہیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کی بطور وزیر کارکردگی کے حوالے سے سوال پر کہا کہ مجھے اپنی کارکردگی کے حوالے سے وزیراعظم کو جواب دینا ہے اور میری ان سے صرف یہ درخواست ہے تمام وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور نتیجہ عوام کے سامنے رکھیں تاکہ عوام کو پتا ہو کہ کون سی وزارت کی کتنی کارکردگی ہے اور میری حاضری تقریباً 70 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آج بھی اپنے بیان پر قائم ہوں کہ نظام بالکل تباہ ہوا ہے اور میں وہ نظام 80 سال کا تباہ ہونے کا کہا ہے اور میں آج بھی سمجھتا ہوں پچھلے 80 سال سے جو نظام ہے وہ تباہ ہے کیونکہ یہ نظام صحیح چل رہا ہوتا ہم کہاں سے کہاں ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے حکومت بالکل کوئی چارج شیٹ نہیں کیا، میں حکومت کا حصہ ہوں میں اپنے آپ کو بالکل چارچ شیٹ نہیں کروں گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگر آپ کے وزیراعظم جو 14 سے 16 گھنٹے کام کرتا ہے اور چیزیں بہتر ہوجائیں تو اس کا رزلٹ ایک ہزار گنا بہتر رزلٹ آئے گا، ان حالات میں بھی انہوں نے ایف بی آر میں ریونیو بڑھا دیا، آپ نے جنگ جیت لی، آپ سفارت کاری میں کہاں سے کہاں پہنچے ہیں، اتنی ساری اصلاحات ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آج بھی سمجھتا ہوں اگر وزیراعظم کو نظام اور ٹھیک ملتا تو وہ 100 گنا تیزی سے ملک کو آگے لے جاتے۔
محسن نقوی نے کہا کہ لوگوں کی بڑی خواہش ہے اور رہے گی کہ کسی بھی طریقے سے میرے اور ان کے تعلقات خراب ہوجائیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کا مستقبل ٹھیک ہے اور 5 سال پورے کرے گی اور شہباز شریف 5 سال وزیراعظم رہیں گے، یہ جو مرضی کرلیں، بیان سے جو مرضی نکالیں، سارا کچھ کرلیں لیکن وہ ان شااللہ 5 سال پورے کریں گے۔