ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز: جیت کے بعد بابراعظم کا بیان سامنے آگیا

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ پچ کا جائزہ لینے کے بعد کوچ کے ساتھ مل کر ٹیم میں چار تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہا ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ جب بھی ٹیم میچ جیتتی ہے تو اطمینان محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ اور دونوں اسپنرز کی عمدہ بولنگ کو کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ پچ کا جائزہ لینے کے بعد  کوچ کے ساتھ مل کر ٹیم میں چار تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وکٹ انہیں پاکستان کی پچ جیسی محسوس ہوئی۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ سیریز سے قبل لگائے گئے تربیتی کیمپ نے بھی کھلاڑیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب 184 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پانے والے عبداللہ شفیق نے کہا کہ کم بیک کے بعد انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ دوبارہ اپنے کیریئر کا آغاز کر رہے ہوں۔

عبداللہ شفیق نے کہا کہ گزشتہ چند ٹیسٹ میچوں میں بیٹنگ یونٹ توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکا تھا، اس لیے وہ کافی عرصے سے اس موقع کے منتظر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پوری توجہ اس بات پر تھی کہ پاکستان کو فتح دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

Load Next Story