سری لنکا سے شکست کے بعد قومی ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم سری لنکا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد دبئی کے راستے وطن واپس پہنچ گئی۔ قومی اسکواڈ کی تین حصوں میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد واپسی ہوئی۔
قومی ویمن ٹیم کو دورۂ سری لنکا میں مایوس کن نتائج کا سامنا کرنا پڑا جہاں میزبان ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل دونوں سیریز 2-1 سے اپنے نام کیں۔
واضح رہے کہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ تھی جبکہ ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد قومی کپتان فاطمہ ثنا انگلینڈ میں دی ہنڈریڈ لیگ میں شرکت کے لیے روانہ ہوگئی تھیں۔
فاطمہ ثنا کی عدم موجودگی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت منیبہ علی صدیقی نے کی، تاہم قومی ٹیم سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔