غزہ میں فوجی کارروائیاں نہیں رکیں گی، اسرائیلی آرمی چیف

اسرائیلی فورسز حماس کے عسکری ونگ نخبا فورس کا تعاقب جاری رکھے گی، جنرل ایال ضمیر

تل ابیب:

اسرائیل کے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے واضح کیا ہے کہ غزہ میں فوجی آپریشن بدستور جاری رہیں گے اور اسرائیلی فوج اپنے اہداف کے حصول تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایال ضمیر نے غزہ کے دورے کے موقع پر کہا کہ فوج نے حماس کی عسکری صلاحیت کو نمایاں نقصان پہنچایا ہے اور علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال کو اپنے حق میں تبدیل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی پیشگی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ممکنہ خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے اور اسرائیلی شہریوں اور سرحدی آبادیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز حماس کے عسکری ونگ نخبا فورس کے ان ارکان کی تلاش اور تعاقب بھی جاری رکھیں گی جن پر 7 اکتوبر کے حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں غزہ سے متعلق سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ چند روز قبل بورڈ آف پیس کے غزہ نمائندے نکولائے ملادینوف نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کی جس میں حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ کا انتظام ایک شہری حکومت کے سپرد کرنے سے متعلق تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق مذاکرات کے دوران نمائندے نے اسرائیل پر زور دیا تھا کہ معاہدے کی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے غزہ میں فوجی حملے روک دیے جائیں تاہم اسرائیلی فوجی قیادت نے واضح کیا ہے کہ آپریشنز فی الحال جاری رہیں گے۔

متعلقہ

Load Next Story