کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

زخمی ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں برآمد، پولیس

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران تین زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔

پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود میں فقیرا گوٹھ کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

زخمی ملزم کی شناخت عزت اللہ کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔

دوسرا مبینہ مقابلہ درخشاں تھانے کی حدود میں سی ویو کے بخاری روڈ کے عقب میں پیش آیا، جہاں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جس کی شناخت محمد کے نام سے ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔

ادھر نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں خمیسہ گوٹھ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

زخمی ملزم کی شناخت فرمان عرف فیمو کے نام سے ہوئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے ایک پستول، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

Load Next Story