ناراض بیوی کو منانے والے شوہر نے انکار پر سسرال کے سامنے خود کو آگ لگا لی
فوٹو: فائل
تھانہ مصطفی آباد کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 35 سالہ شہباز نے مبینہ طور پر خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی جس سے وہ شدید جھلس گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق شہباز کی بیوی ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ شہباز اپنی اہلیہ کو واپس لانے کے لیے سسرال پہنچا تاہم جب وہ رضامند نہ ہوئی تو اس نے مبینہ طور پر سسرال کے گھر کے سامنے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیم نے شدید جھلسنے والے شہباز کو فوری طور پر بلھے شاہ اسپتال قصور منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے لاہور ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔