کراچی، میمن گوٹھ میں پولیس مقابلہ، 2 زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار
فوٹو: فائل
کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد دو زخمی سمیت چار مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق مائی نیانی مزار کے قریب میمن گوٹھ پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
زخمی ملزمان کی شناخت نذر محمد اور مہتاب کے نام سے ہوئی جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران مزید دو ملزمان کامران اور بلال کو بھی گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین پستول، ایک موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ان کے مجرمانہ ریکارڈ سمیت شہر میں ڈکیتی کی دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔