وائٹ ہاؤس نے ایران جنگ پر ٹرمپ اور وزیر دفاع کے درمیان اختلافات کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے ان میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے درمیان ایران سے متعلق پالیسی پر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ مکمل طور پر غلط ہے اور ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود کیمپ ڈیوڈ میں صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے ساتھ موجود تھیں، اس لیے وہ یقین سے کہہ سکتی ہیں کہ رپورٹ میں بیان کیا گیا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا۔
کیرولین لیویٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے متعدد مرتبہ واشنگٹن پوسٹ کو بھی آگاہ کیا تھا کہ اس کی رپورٹ درست نہیں، تاہم اس کے باوجود خبر شائع کی گئی۔
I was at Camp David with President Trump and Secretary Hegseth. This literally never happened, and we told the Washington Post that repeatedly. This B.S. story was shopped to many outlets by someone clearly out to disparage the Secretary, for whatever reason. Unfortunately for… https://t.co/BUwn11nC52
— Karoline Leavitt (@PressSec) August 6, 2026
ترجمان نے الزام لگایا کہ بعض میڈیا ادارے مسلسل وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ صدر ٹرمپ ان پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ وزیر دفاع سے خوش ہیں، انہیں پسند کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران سے متعلق حالیہ جنگ اور امریکی پالیسی پر صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے، تاہم وائٹ ہاؤس نے ان تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی ایران سے متعلق حکمت عملی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر امریکی حکومت کے مختلف فیصلے عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔