ایران اور عمان مذاکرات، معاہدے کے امکانات تاحال غیر یقینی ہیں، امریکی میڈیا کا دعویٰ

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایرانی وفد میں پاسداران انقلاب کے نمائندے شامل نہیں ہیں

واشنگٹن / مسقط: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات میں کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات تاحال غیر یقینی ہیں اور اس وقت کامیابی کے امکانات ففٹی ففٹی ہیں۔

سی این این نے خلیجی امور سے واقف ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اگرچہ مذاکرات جاری ہیں، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ دونوں فریق کسی حتمی معاہدے تک ضرور پہنچ جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور امکان ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق کوئی معاہدہ جمعہ تک طے پا جائے۔

تاہم خلیجی عہدیدار کے مطابق مذاکرات میں ابھی بھی کئی اہم نکات پر اتفاق ہونا باقی ہے، اسی لیے معاہدے کے امکانات کو فی الحال صرف ففٹی ففٹی قرار دیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایرانی وفد میں پاسداران انقلاب کے نمائندے شامل نہیں ہیں، جسے مذاکرات کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مذاکرات کا بنیادی مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت، جہاز رانی کے انتظامات اور خطے میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق معاملات پر پیش رفت حاصل کرنا بتایا جا رہا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ایران اور عمان کے درمیان کسی سمجھوتے پر اتفاق ہو جاتا ہے تو اس کے مثبت اثرات عالمی توانائی کی منڈی، بحری تجارت اور مشرقِ وسطیٰ کی سکیورٹی صورتحال پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

تاحال ایران، عمان یا امریکی حکام کی جانب سے مذاکرات کے نتائج یا کسی ممکنہ معاہدے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

Load Next Story