لاہور پولیس کا خواتین سے متعلق نیا حکم نامہ، بڑی پابندی عائد
(فوٹو: اے آئی)
لاہور پولیس نے خواتین سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے بڑی پابندی عائد کردی۔
پولیس کی جانب سے خواتین سے متعلق نئے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے غروبِ آفتاب کے بعد خواتین کے تھانوں میں موجود رہنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فیصلے کے تحت خواتین کو سورج غروب ہونے سے پہلے تھانوں سے روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ہنگامی صورتحال میں کسی خاتون کو تھانے میں رکھنے کی اجازت صرف متعلقہ اعلیٰ افسر کی منظوری سے مشروط ہوگی۔ اس کے سوا خواتین سے متعلق تمام قانونی کارروائی دن کی روشنی میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
نئے حکم نامے کے مطابق مدعی یا الزام علیہ خاتون کو غروبِ آفتاب کے بعد کسی بھی تھانے میں طلب نہیں کیا جائے گا۔ شکایت کنندہ خاتون کی درخواست فوری سنی جائے گی اور اس کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے اس حوالے سے تمام ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق حالیہ واقعے کے بعد نئی ایس او پیز نافذ کی گئی ہیں تاکہ خواتین کے وقار، تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔