ریلوے پولیس کا برسوں پرانا مطالبہ منظور، سروس اسٹرکچر میں اہم بہتری کی منظوری
وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن اور رہنمائی جبکہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی مسلسل کاوشوں سے پاکستان ریلویز پولیس کا برسوں پرانا مطالبہ منظور کرتے ہوئے سروس اسٹرکچر میں اہم بہتری کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ادارہ جاتی اصلاحات کے تسلسل میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی کوششوں سے پاکستان ریلوے پولیس کے کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل اور اے ایس آئی کے پے اسکیلز دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مساوی کر دیے گئے۔
پاکستان ریلوے پولیس کے کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل اور اے ایس آئی کے پے اسکیلز کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مساوی بنانے کی منظوری دے دی۔ کانسٹیبل بی پی ایس 5 سے 7، ہیڈ کانسٹیبل 7 سے 9 اور اے ایس آئی 9 سے 11 کر دیا گیا۔
پاکستان ریلوے پولیس کے جوانوں کے مورال اور پیشہ ورانہ کارکردگی میں مزید بہتری کی توقع ہے۔
ریلوے پولیس کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی خصوصی کاوشوں پر اظہارِ تشکر، اَپ گریڈیشن کو فورس کے لیے تاریخی پیش رفت قرار دیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر اس سے قبل پاکستان ریلوے پولیس میں مکمل میرٹ پر بھرتیاں عمل میں لائی گئیں، جس سے فورس کی پیشہ ورانہ استعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔
پاکستان ریلوے پولیس آج ملک بھر میں عوام اور مسافروں کے جان و مال کے تحفظ، ریلوے تنصیبات کی حفاظت اور مؤثر سیکیورٹی کی فراہمی میں بہترین خدمات انجام دے رہی ہے۔
آئی جی ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ پے اسکیلز کی اَپ گریڈیشن سے ریلوے پولیس کے افسران و جوانوں کا مورال مزید بلند ہوگا۔