باپ کی پنشن کیلئے بیٹے کا چونکا دینے والا عمل، لاش فریزر سے برآمد

پولیس نے بتایا کہ ریٹائرڈ ٹیچر کی عمر 90 برس کے لگ بھگ تھی جبکہ ملزم کے مطابق چند برس قبل ان کی طبعی موت ہوئی

فوٹو: غیرملکی میڈیا

یونان کی پولیس نے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، جس نے مبینہ طور پر پنشن کے حصول کے لیے اپنے والد کی لاش دو سال سے زائد عرصے تک فریزر میں رکھی ہوئی تھی۔

غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق  ملزم نے یونان کے قرون وسطیٰ کے سرفہرست آثار قدیمہ میں سے ایک شمار ہونے والے ویران ہوٹل کے تہہ خانے میں فریزر پر اپنے والد کی لاش رکھی تھی تاکہ وہ ان کی پنشن حاصل کرتا رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریٹائرڈ 90 سالہ ٹیچر کی موت کی وجوہات کے حوالے سے فوری طور پر کوئی سراغ نہیں ملا تاہم اس سے طبعی موت تصور کیا گیا ہے۔

پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ اپنے والد کی لاش فریزر میں رکھنے والے مبینہ ملزم کی عمر 55 سال ہے، جن پر فراڈ اور جھوٹے دعوے کا فرد جرم عائد کردیا گیا ہے، اسی طرح ان کے قبضے سے ایک ایئرگن بھی برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد مقدمے میں ان کے خلاف اسلحہ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی دفعات بھی شامل کرلی گئی ہیں۔

سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس اس وقت حرکت میں آگئی جب جنوبی پیلوپونیس میں قرون وسطیٰ کے دور کے شہر اسپارٹا کے قریب واقع مائسٹراس گاؤں میں پڑوسیوں کی جانب سے خدشات کا اظہار کیا گیا کہ بزرگ شہری میں کئی سال سے زندگی کے آثار نظر نہیں آر ہے ہیں۔

ٹی وی کے مطابق ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ان کے والد کی ڈھائی سال قبل طبعی موت ہوئی تھی اور ان کی لاش خاندان کی ملکیت میں شامل ہوٹل کے فریزر میں رکھ لی تھی جہاں لاش جم گئی تھی۔

شہریوں نے بتایا کہ انہوں نے بزرگ شہری کو گزشتہ 4 برسوں سے نہیں دیکھا جبکہ ملزم نے ابتدائی طور پر پولیس کو بتایا تھا کہ ان کے والد رہائش کے لیے ایتھنز منتقل ہوچکے ہیں لیکن پولیس نے خالی ہوٹل کے تہہ خانے میں فریزر سے لاش برآمد کرلی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاش کا معائنہ کرنے کے لیے عدالت کی جانب سے ایک ڈاکٹر مقرر کردیا گیا ہے۔

Load Next Story