اے سی سی ویمن ٹی 20 کپ کا شیڈول جاری، پاک بھارت میچ 5 ستمبر کو ہوگا

تمام میچز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، فائنل میچ 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا

چھٹا اے سی سی ویمن ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ 28 اگست سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 5 ستمبر کو مدمقابل ہوں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے تحت 13 ستمبر تک جاری رہنے والے فلڈ لائٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا ٹکراؤ 5 ستمبر کو ہوگا۔ گروپ میچز کے بعد دونوں ٹیمیں ایک مرتبہ پھر فائنل میں مدمقابل آسکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایشیئن کرکٹ کونسل نے چھٹے ویمن ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے حتمی ڈراز کا اعلان کر دیا، 8 ٹیموں کے ایونٹ میں گروپ اے عالمی چیمپین بھارت، پاکستان، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین پر مشتمل ہے۔

گروپ بی میں دفاعی چیمپین سری لنکا، بنگلہ دیش، میزبان متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا شامل ہیں۔

افتتاحی میچ تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان اپنا پہلا گروپ میچ یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ 5 دستمبر کو بھارت کے ساتھ ہائی وولٹیج ٹاکرا ہوا۔

قومی ویمن ٹیم 7 ستمبر کو تیسرے اور آخری گروپ میچ میں ہانگ کانگ چین سے مقابلہ کرے گی۔

گروپ میچز کے بعد پہلے سیمی فائنل میں 10 ستمبر کو گروپ اے کی ٹاپ ٹیم کا مقابلہ گروپ بی میں دوسری پوزیشن کے حامل ٹیم سے ہوگا۔

اسی طرح دوسرے سیمی فائنل میں اگلے روز 11 ستمبر کو گروپ بی کی سرفہرست اور گروپ اے میں دوسری پوزیشن پر براجمان ہونے والی ٹیموں کا ٹکراؤ ہوگا۔ایونٹ کا فائنل 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی نے سوچ بچار شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایونٹ کے لیے اگلے چند روز میں قومی تربیتی کیمپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد گزشتہ روز واپس وطن پہنچی ہے۔

Load Next Story