دمشق؛ مسافر وین میں دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی
شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے میں مسافر منی بس میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد جاں بحق جبکہ 13 دیگر زخمی ہوگئے۔
شامی سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی جبکہ کسی بھی شدت پسند گروپ نے بھی اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
سرکاری ٹی وی الاخباریہ نے بتایا کہ دھماکا مسافر منی بس کے اندر نصب ایک دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ہوا تاہم ابتدا میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد جاری نہیں کی گئی۔
بعد ازاں سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے وزارت صحت کے حوالے سے تصدیق کی کہ اس واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کے مقام سے انسانی اعضا اور باقیات ملی ہیں جنھیں فرانزک ماہرین مقررہ طریقہ کار کے مطابق جمع کر کے شناخت کا عمل انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد قریبی اسپتالوں اور ایمرجنسی وارڈز میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا، جبکہ متعدد ایمبولینسیں اور طبی ٹیمیں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کے لیے روانہ کی گئیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے سے منی بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ اس کے ٹکڑے سڑک اور قریبی رہائشی عمارتوں کے سامنے دور دور تک بکھر گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔