قشم جزیرے پر زور دار دھماکے، ایران نے دشمن کے خلاف اہم کارروائی کا دعویٰ کر دیا

ایرانی حکومت یا وزارت دفاع کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا

تہران: ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں واقع جزیرہ قشم کے قریب جمعرات کی شب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جنہیں ایرانی میڈیا نے ایرانی مسلح افواج کی جانب سے دشمن اہداف کے خلاف کارروائی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق دھماکے مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 9 بج کر 40 منٹ پر سنے گئے۔ رپورٹ میں باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر موجود دشمن کے معاندانہ اہداف کے خلاف کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی بحری افواج نے ان اہداف کے خلاف کارروائی کی تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان اہداف کی نوعیت کیا تھی یا انہیں کس ملک یا گروہ سے منسلک سمجھا جا رہا ہے۔

تسنیم نے مزید دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کی مزید تفصیلات اور ایرانی بحریہ کی کامیابیوں سے متعلق معلومات آئندہ چند گھنٹوں میں جاری کی جائیں گی۔

تاحال ایرانی حکومت یا وزارت دفاع کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور عالمی بحری تجارت، تیل کی ترسیل اور علاقائی سلامتی پر دنیا بھر کی نظریں مرکوز ہیں۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر اس واقعے کی سرکاری تصدیق ہوتی ہے تو اس کے خطے کی سکیورٹی اور عالمی توانائی کی منڈی پر اہم اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Load Next Story