پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی آج ملک بھر میں 510 مقامات پر دھرنے دے گی

کراچی میں کون سی شاہراہوں کو بلاک کیا جائے گا، منعم ظفر خان کا ویڈیو بیان سامنے آگیا

کراچی:

جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کیخلاف آج ملک بھر میں 510 مقامات پر دھرنے اور سڑکیں بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ  آج پورے پاکستان میں پٹرولیم لیوی اور مہنگائی خلاف پاکستان کی 510 اہم شاہراہوں پر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا، احتجاج کے دوران سڑکیں بند ہوں گی، صرف ایمبولینس کو گزرنے دیا جائے گا۔

 منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی،اسلام آباد ،لاہور، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں احتجاج ہوگا، کراچی میں شام 4 بجے مختلف شاہراہوں سے احتجاجی قافلے روانہ ہوں گے۔

منعم ظفر خان کے مطابق شاہراہِ پاکستان، حب روڈ، نیشنل ہائی وے، سپر ہائی وے، اورنگی، کورنگی، پاکستان چوک اور شیر شاہ سے قافلے روانہ ہوں گے، تمام احتجاجی قافلے مزارِ قائد کے مقام پر جمع ہوں گے جہاں سے بڑا احتجاجی کارواں شارع فیصل کی جانب روانہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا، عوام اپنی اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کریں تو مطالبات منوائے جا سکتے ہیں، 25 کروڑ پاکستانی متحد ہوں تو اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عوام سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

Load Next Story