بچے کی پیدائش کے بعد بیوی کو ڈپریشن سے بچانے کیلئے شوہر محبت اور وقت دیں، روبینہ اشرف
سینئر پاکستانی اداکارہ و فلمساز روبینہ اشرف نے پریگننسی کے بعد ہونے والے ڈپریشن (پوسٹ پارٹم ڈیپریشن) سے متعلق اپنے نظریات کا اظہار کیا۔
روبینہ اشرف حال ہی میں ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے خواتین کی ذہنی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ماضی میں معاشرے میں حمل اور زچگی کے بعد ہونے والی ذہنی کیفیت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا اور یہ سمجھا جاتا تھا کہ بچے کو جنم دینا ہر عورت کی ذمہ داری ہے، چاہے وہ اس مرحلے سے کس قدر مشکل حالات میں گزر رہی ہو۔‘‘
روبینہ اشرف نے مزید کہا کہ ’’حمل سے لے کر زچگی کے بعد تک شوہر کی محبت، تعاون اور ہمدردی عورت کے لیے بے حد ضروری ہوتی ہے، کیونکہ اس مرحلے میں متعدد ذمہ داریوں کو سنبھالنا اس کے لیے انتہائی مشکل ہو سکتا ہے۔‘‘