کراچی میں 18 ماہ کی بچی کے قتل پر شوبز شخصیات کا شدید غم و غصہ، فوری انصاف کا مطالبہ
کراچی کے علاقے قیوم آباد میں 18 ماہ کی بچی کے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کے افسوسناک واقعے پر پاکستانی شوبز شخصیات نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
فریحہ الطاف، عدنان صدیقی، ثنا بلوچ سمیت کئی معروف شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں اس سانحے پر دکھ کا اظہار کیا اور بچوں کے تحفظ کے لیے زیادہ احتیاط اور آگاہی پر زور دیا۔
فریحہ الطاف کا والدین کو اہم پیغام
اداکارہ اور میزبان فریحہ الطاف نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’میں شدید صدمے میں ہوں، ملک میں ایسے واقعات کوئی نئی بات نہیں رہے، یہ انتہائی ہولناک جرم ہے۔‘‘
فریحہ الطاف نے کہا کہ ’’بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے زیادہ تر واقعات ایسے افراد کی جانب سے ہوتے ہیں جنہیں خاندان جانتا اور ان پر اعتماد کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ دوستوں، پڑوسیوں یا گھریلو ملازمین پر بچوں کے حوالے سے اندھا اعتماد نہ کریں، اور اگر کوئی بچہ نامناسب رویے یا چھونے کی شکایت کرے تو اس کی بات پر یقین کریں کیونکہ بچے جھوٹ نہیں بولتے۔
اداکار عدنان صدیقی نے بھی انسٹاگرام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’ایک 18 ماہ کی بچی کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی دل دہلا دینے والا ہے، ملزم کی عمر مبینہ طور پر 17 سال ہے، لیکن اس سے جرم کی سنگینی کم نہیں ہوتی بلکہ مزید بڑھ جاتی ہے۔‘‘
عدنان صدیقی نے متاثرہ خاندان کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے بچی کے لیے فوری اور بلاامتیاز انصاف کا مطالبہ کیا۔
عائشہ عمر کا معاشرے پر سوال
اداکارہ عائشہ عمر نے معاشرتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اخلاقی طور پر بدترین دور میں پہنچ چکے ہیں، یہ کیسا معاشرہ ہے؟ یہ کیسا ملک ہے؟ ہمیں اجتماعی طور پر خود سے سوال کرنا ہو گا کہ ہم کس سمت جا رہے ہیں، کیونکہ اب ایسے حالات مزید برداشت نہیں کیے جا سکتے۔‘‘
ثنم بلوچ نے بچوں کے تحفظ پر زور دیا
اداکارہ ثنا بلوچ نے بھی متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، ایک ماں ہونے کے ناطے میں متاثرہ خاندان کے دکھ کا اندازہ بھی نہیں لگا سکتی۔ بچوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔‘‘
دیگر فنکاروں کا بھی اظہارِ افسوس
اس واقعے پر ایمن خان، مریم نفیس، احسن خان، صرحا اصغر، ژالے سرحدی اور عائشہ عمر سمیت کئی دیگر شوبز شخصیات نے بھی غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔
مریم نفیس نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، ’’ان خوفناک حالات میں اپنے بچوں کو ایک لمحے کے لیے بھی اکیلا کیوں چھوڑتے ہیں؟‘‘
افسوسناک واقعے کے بعد ملک بھر میں انصاف کا مطالبہ
اس افسوسناک واقعے کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ ہزاروں شہریوں کے ساتھ ساتھ شوبز شخصیات بھی مطالبہ کر رہی ہیں کہ ذمہ داروں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور بچوں کو جنسی تشدد سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔