ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
جدہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان ایک روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ترک صدر کا طیارہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا، جہاں سعودی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ان کے استقبال کے لیے مکہ ریجن کے نائب گورنر مشعل بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی عرب میں ترکیہ کے سفیر امراللہ اشلر اور جدہ میں ترک قونصل جنرل مصطفیٰ اونال بھی موجود تھے۔
استقبال کے بعد صدر رجب طیب اردوان سڑک کے راستے مقدس شہر مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے، جہاں ان کے دورے کے دوران اہم ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ترک صدر کے دورے کے دوران سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی سکیورٹی، دفاعی تعاون اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اردوان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے علاوہ خطے میں جاری کشیدگی، سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر بھی بات چیت متوقع ہے۔