بچے کی موت پر غصے میں پاگل ہوئی مادہ ریچھ، بہن بھائی کو حملہ کرکے مار ڈالا
رائے پور: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع کانکیر میں ایک مادہ جنگلی ریچھ کے حملے میں دو بہن بھائی ہلاک جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نارہارپور فارسٹ رینج کے تحت آنے والے گاؤں لارگاؤں مارکاٹولا میں پیش آیا، جہاں تین بہن بھائی کھیت میں موجود تھے کہ اچانک ایک مادہ ریچھ نے ان پر حملہ کردیا۔
محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق حملے میں 38 سالہ حلال خور جوری اور ان کی 40 سالہ بہن چمرین بائی شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی ایک اور بہن خورین بائی بھی ریچھ کے حملے میں زخمی ہوگئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی افراد کے مطابق حملہ کرنے والی مادہ ریچھ منگل کے روز اپنے ایک بچے کی موت کے بعد غیر معمولی طور پر مشتعل اور جارحانہ ہوگئی تھی۔ اسی دوران اس نے کھیت میں موجود تین بہن بھائیوں پر حملہ کردیا۔
گاؤں والوں نے بتایا کہ حملے کے بعد مادہ ریچھ کافی دیر تک ہلاک ہونے والے بہن بھائیوں کی لاشوں کے قریب موجود رہی اور انہیں پنجوں سے مارتی رہی۔ اس صورتحال کے باعث مقامی افراد بھی فوری طور پر جائے وقوعہ کے قریب جانے سے گریز کرتے رہے۔
واقعے کے بعد گاؤں اور آس پاس کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ محکمہ جنگلات اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس علاقے میں جانے سے گریز کریں اور جنگلی جانوروں سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع حکام کو دیں۔
حکام کے مطابق ریچھ کے رویے اور علاقے میں اس کی موجودگی پر نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ مزید کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔