مسخرے کے بھیس میں قاتل؛ بزرگ کو تیز دھار چاقو سے قتل کردیا؛ خوفناک ویڈیو وائرل

مسخرے کا لباس زیب تن کیے لڑکے نے گھروں کی بیل بجا کر دھمکی آمیز سرگوشیاں بھی کیں

مسخرے کا لباس پہنے نوعمر لڑکے نے دروازوں کی بیل بجا کر دھمکی آمیز سرگرشیاں بھی کیں

امریکی ریاست الینوائے میں ایک ایسا ہولناک قتل سامنے آیا ہے جس نے لوگوں کو ہارر فلموں کے مناظر یاد دلا دیے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسخرے کا لباس زیب تن کیے ہوئے 15 سالہ لڑکے نے پہلے گھروں کے باہر گھوم کر لوگوں کو خوفزدہ کیا پھر بس اسٹاپ پر کھڑے 78 سالہ بزرگ کو بیدردی سے قتل کر دیا۔

الینوائے پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پیر کی شب ایسٹ سینٹ لوئس میں پیش آیا۔ مقتول جان ویزلی ایلن سینئر بس اسٹاپ پر اپنی بہن سے ملنے کے لیے بس کا انتظار کر رہے تھے کہ اچانک مسخرے کے لباس میں ملبوس نوعمر لڑکا ان پر ٹوٹ پڑا اور چاقو کے متعدد وار کرکے قتل کر دیا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران حاصل ہونے والے شواہد میں سے ایک گھر کی رِنگ ڈور بیل کیمرے میں وہی لڑکا نظر آیا۔ ویڈیو میں وہ ڈھیلے ڈھالے سیاہ اور سرخ مسخرے کے لباس میں ملبوس گھر کے دروازے تک آتا ہے۔

وہ مشکوک مسخرہ اُس گھر کی رِنگ ڈور بیل کے کیمرے کے بالکل نزدیک جھک کر سرد لہجے میں سرگوشی کرتا ہے کہ میں تمہیں ڈھونڈ رہا ہوں۔

مقامی رہائشیوں نے پولیس کو بتایا کہ چاقو بردار اور مسخرے کا لباس پہنے مشتبہ لڑکا محلے کے مختلف گھروں کے درمیان گھوم رہا تھا اور کھڑکیوں سے اندر جھانکنے کی کوشش کر رہا تھا جیسے کسی کو تلاش کر رہا ہو۔

ایک خاتون کے بیٹے لی پالمر نے پولیس کو بتایا کہ اگر اس کی والدہ نے دروازہ کھول دیا ہوتا تو شاید وہ بھی مسخرے لڑکے کے حملے کا شکار ہو جاتیں۔ وہ گھر کے اندر موجود ہر شخص کو قتل کر دیتا۔

لاش ملنے کے بعد پولیس نے علاقے کے نگرانی کیمروں اور ڈور بیل ویڈیوز کی مدد سے مشتبہ لڑکے کی شناخت کی اور چند ہی گھنٹوں کے اندر مسخرے قاتل کو ایک گھر سے گرفتار کر لیا۔

پولیس نے اس پر فرسٹ ڈگری قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تاہم چونکہ ملزم نابالغ ہے اس لیے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

مقتول کون تھا؟

78 سالہ جان ویزلی ایلن سینئر امریکی بحریہ کے سابق اہلکار (نیوی ویٹرن) اور ریٹائرڈ بس ڈرائیور تھے۔

اہل خانہ کے مطابق وہ پیر کے روز وی اے اسپتال میں طبی معائنے کے بعد اپنی بہن سے ملنے جا رہے تھے لیکن منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی ایک اجنبی کے بے مقصد حملے کا نشانہ بن گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ بظاہر ایک بے ترتیب اور بغیر سوچے سمجھے کیا گیا حملہ تھا اور مقتول کا ملزم سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا۔

حکام سوشل میڈیا، نگرانی کی مزید ویڈیوز اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا حملہ آور نے اس واردات کی پہلے سے منصوبہ بندی کی تھی یا نہیں۔

 

Load Next Story