جنوبی کوریا نے پاکستان انڈر 21 ہاکی ٹیم کو 2-6 سے شکست دیدی

میچ اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا

پاکستان کی انڈر 21 اور جنوبی کوریا کی سینئر ہاکی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں کوریا نے پاکستان کو 2-6 سے شکست دے دی۔

اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر میں کوریا نے شاندار آغاز کرتے ہوئے ابتدائی منٹوں میں ہی دو گول سکور کر دیئے۔

میچ کے تیسرے اور پانچویں منٹ میں بالترتیب شرٹ نمبر 08(Rim Jinkang) اور شرٹ نمبر 28 (Kim Hyeonhong) نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول اسکور کر کے کوریا کو 0-2 کی برتری دلائی۔

دوسرے  کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے میچ کے 19ویں منٹ میں شرٹ نمبر 09 محمد احمد نے ایک خوبصورت فیلڈ گول اسکور کر کے اسکور 1-2 کیا۔

ہاف ٹائم تک کوریا کو 1-2 سے برتری حاصل تھی۔تیسرے کوارٹر میں کوریا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مسلسل 3 پینلٹی کارنر گول کیے۔

37 ویں اور 40 ویں منٹ میں شرٹ نمبر 15 (Lim Dohyun) جبکہ 42 ویں منٹ میں شرٹ نمبر 28 (Kim Hyeonhong) نے گول اسکور کر کے برتری 1-5 کر دی۔

چوتھے کوارٹر میں پاکستان کے شرٹ نمبر 07 غلام مصطفیٰ نے 43 ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے اسکور 2-5 کیا۔ تاہم 54ویں منٹ میں کوریا کے شرٹ نمبر 10 (Kim Yong Bok) نے ایک اور فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح 2-6 سے یقینی بنا دی۔

واضع رہے پاکستان ٹیسٹ سیریز 0-3 سے پہلے ہی جیت چکا یے۔ چوتھا میچ انڈر 21 کی ٹیم نے کوریا کے خلاف کھیلا۔ قومی ٹیم کی پرفارمنس کو شائقین ہاکی نے بے حد سراہا۔

اس موقع پر آئی پی سی سیکرٹری و پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی، چیئرمین سیلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ خان، سینئر سپورٹس اینکر یحییٰ خان کے علاوہ اسپانسرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

Load Next Story