سہہ ملکی دفاعی اتحاد؛ سعودی وزیر خارجہ اور ترک صدر کا خیرمقدم، پاکستان کا شکریہ

سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدے طے پاگیا

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے جسے خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس تاریخی موقع پر سعودی  وزیرخارجہ  شہزادہ فیصل بن فرحان کی جانب سے جاری تہنیتی بیان میں مکہ دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اہم سنگ میل قرار دیا۔

سعودی وزیرخارجہ  شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد، صدر جمہوریہ ترکیہ اور وزیراعظم پاکستان کی طرف سے مشترکہ مکہ دفاعی معاہدے پردستخط  تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہیں۔
 
انھوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ ان مشترکہ خطرات سے نمٹنے کی کوششوں  کی نشاندہی کرتا ہےجس سے خطے کی سلامتی اوراستحکام متاثر ہوتا ہے اور یہ معاہدہ ایک زیادہ محفوظ علاقائی ماحول کی حمایت کے لیے تینوں ممالک کی مشترکہ سیاسی عزم کےطور پر سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب ترک صدررجب طیب ایردوان نے اپنے ایکس اکاونٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج سعودی ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی اور تینوں ممالک کے درمیان ایک مشترکہ دفاعی معاہدے پردستخط کیے۔

ترک صدر نے کہا کہ اجتماعی دفاعی صلاحیت پرمبنی یہ معاہدہ ہماری سیکیورٹی اوردفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور دہشتگردی کیخلاف مؤثر تعاون میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹرکے آرٹیکل51 میں بیان کردہ دفاع کے حق کی بھی توثیق کرتا ہے۔ یہ معاہدہ کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ خطے میں امن، خوشحالی اوراستحکام کے خواہاں تمام برادر ممالک کی شمولیت کے لیے کھلا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے خطے میں قیام امن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ثالثی کے کردار کی تعریف بھی کی۔

 

Load Next Story