چیٹ جی پی ٹی مفت استعمال کرنے والے صارفین کیلئے کمپنی کا بڑا اعلان

اس ہفتے مفت اور گو صارفین کے لیے جی پی ٹی-5.6 لُونا کو بطور ڈیفالٹ ماڈل متعارف کرایا جائے گا

اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کا مفت اور گو پلان استعمال کرنے والے صارفین کو جلد لامحدود ٹیکسٹ چیٹس کی سہولت فراہم کی جائے گی اور گفتگو کے دوران انہیں خودکار طور پر کسی کمزور ماڈل پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق اس ہفتے مفت اور گو صارفین کے لیے جی پی ٹی-5.6 لُونا کو بطور ڈیفالٹ ماڈل متعارف کرایا جائے گا، جو موجودہ جی پی ٹی-5.5 اِنسٹنٹ کی جگہ لے گا۔

اوپن اے آئی کے مطابق آئندہ ہفتے مفت اور گو صارفین کو ’تھِنک‘ نامی نیا بٹن بھی دستیاب ہوگا، جس کی مدد سے وہ یہ طے کر سکیں گے کہ چیٹ جی پی ٹی جواب تیار کرتے وقت کتنی گہرائی سے تجزیہ کرے۔

کمپنی نے واضح کیا کہ اگرچہ ٹیکسٹ چیٹس پر اب کوئی مقررہ حد نہیں ہوگی، تاہم، فائل اپ لوڈ اور تصاویر بنانے کی سہولت پر بدستور استعمال کی حدود برقرار رہیں گی۔

دوسری جانب اوپن اے آئی نے اپنے پلس اور پرو صارفین کے لیے دستیاب جی پی ٹی-5.6 سول ماڈل کو بھی اپ ڈیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق نیا ورژن زیادہ براہِ راست، مختصر اور بہتر انداز میں جواب دے گا، جبکہ غیر ضروری تفصیلات سے گریز کرے گا۔

اوپن اے آئی کا دعویٰ ہے کہ اپ ڈیٹ شدہ جی پی ٹی-5.6 سول اعداد و شمار، تاریخوں، حوالوں، قواعد اور مفروضوں سے متعلق پہلے کے مقابلے میں کم غلطیاں کرے گا۔

کمپنی کے اندرونی جائزے کے مطابق مالیاتی، طبی اور قانونی نوعیت کے سوالات میں حقائق پر مبنی غلطیوں کی شرح جی پی ٹی-5.5 انسٹنٹ کے مقابلے میں تقریباً 68 فی صد کم رہی۔

Load Next Story