کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری جاں بحق، رواں سال میں اب تک کی تعداد 46 ہوگئی

کورنگی پی این ٹی کالونی میں پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان مقابلے میں سوزوکی ڈرائیور کو ڈاکوؤں کی گولی لگی، پولیس

فوٹو: فائل

شہر قائد میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور شہری زندگی کی بازی ہار گیا اس سے قبل کھارادر میں بھی پولیس مقابلے کے دوران سبزی فروش فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی ناصر جمپ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں سوزوکی ڈرائیور جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس نے 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

حالیہ واقعے کے بعد شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی۔ عزیز آباد میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر شہری کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ۔

کورنگی ناصر جمپ پی این ٹی کالونی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی۔

اس حوالے سے کورنگی صنعتی ایریا حکم داد نے بتایا کہ پی این ٹی کالونی گیٹ نمبر 5 کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 38 سالہ عبیداللہ کے نام سے کی گئی جو کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مقابلے کے دوران 2 ڈاکوؤں 17 سالہ رضوان اور 18 سالہ عبداللہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو ابراہیم حیدری کورنگی سو کوارٹر کے رہائشی ہیں۔ جناح اسپتال میں مقتول کے بھائی نے بتایا عبیداللہ سوزوکی پک اپ چلاتا تھا اور وہیں پر بیٹھا ہوا تھا کہ گولی کا نشانہ بن گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول 4 بچوں کا باپ، 7 بھائیوں میں 5 ویں نمبر پر اور کورنگی پی این ٹی کالونی کا ہی رہائشی تھا، کچھ نہیں پتہ کہ بھائی کو کس کی گولی لگی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے عبیداللہ ڈاکوؤں کی فائرنگ جاں بحق ہوا ہے۔

دریں اثنا عزیز آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 3 صدیق آباد میمن مسجد کے قریب فائرنگ سے 33 سالہ شعیب زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔

عزیز آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story