آپریشن رَدُّ الفتنہ 3: بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشتگرد ہلاک
فوٹو: فائل
آپریشن رَدُّ الفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقوں کمبیلہ اور عاصم آباد میں آپریشن رَدُّ الفتنہ 3 کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز نے کمبیلہ اور عاصم آباد میں سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کیا اور مجموعی طور پر 68 مربع کلومیٹر علاقے کو کلیئر کرالیا۔
آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ 2 دہشت گردوں کی لاشیں بھی برآمد کرلی گئیں۔ علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد زخمی ہوئے، جن میں دہشت گرد سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے۔
اسی اثنا میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 12 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کردی گئیں اور فتنۃ الہندوستان کے جھنڈے بھی ہٹا دیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا کہ آپریشن رَدُّ الفتنہ 3 دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔