ہنگو؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7خوارج ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید

ملک و قوم کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے بہادر افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صدر مملکت، وزیراعظم و وزیر داخلہ کے پیغامات

(فوٹو: اے آئی)

ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آپریشن میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کیپٹن حمزہ اکرم نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اگست کو ضلع ہنگو میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، تاہم شدید دباؤ میں خوارج نے مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی اور عبادت گاہ کا تقدس پامال کیا۔

اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 خوارج دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک خوارج بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہوگئے۔

ضلع نارووال سے تعلق رکھنے والے بہادر افسر کیپٹن حمزہ اکرم اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے خوارج کا تعاقب کررہے تھے اور بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرگئے۔

دریں اثنا علاقے میں بھارتی سرپرستی میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یہ کارروائیاں پاکستان سے غیرملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ قوم کے تحفظ کے لیے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا کیپٹن حمزہ کو خراج عقیدت

دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران کیپٹن حمزہ اکرم کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی بہادری، جرات اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ہنگو آپریشن میں 7 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک و قوم کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے ہماری بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Load Next Story