کیا کراچی میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 دن کی پیش گوئی کردی
شہر قائد میں آئندہ 3 دن کے لیے موسم کی پیش گوئی جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ میں مون سون کی تازہ صورتحال سے متعلق پیش گوئی جاری کی ہے، جس کے مطابق کمزور مون سون ہواؤں کا سلسلہ صوبے کے شمال مشرقی علاقوں پر مسلسل اثر انداز ہورہا ہے۔
مون سون صورتحال کے باعث صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم کراچی سمیت سندھ کے ساحلی مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران رات اور صبح کے اوقات میں کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب آج گھوٹکی، سکھر، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، دادو اور جامشورو میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔