اپنے بچوں کو کھو کر دنیا تباہ کرنے والی ’دی ایونجرز‘ کی اسکارلٹ وچ ماں بن گئیں

’دی اوینجرز‘ فلم سے مشہور ہونے والے اداکارہ الزبتھ اولسن 37 برس کی عمر میں پہلی بار ماں بن گئی ہیں

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ’دی اوینجرز‘ فلم سے مشہور ہونے والے اداکارہ الزبتھ اولسن 37 برس کی عمر میں پہلی بار ماں بن گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ اور ان کے شوہر رابی آرنیٹ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، تاہم نومولود سے متعلق جنس، نام یا دیگر تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق الزبیتھ اولسن نے بھی اس خوشی کے موقع پر خود کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی بچے کی پیدائش سے متعلق تفصیلات اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔

یاد رہے الزبتھ نے ’اسکارلٹ وچ‘ کا مشہور کردار کیا تھا جس میں وہ اپنے خیالی دو بچوں کی موت کے بعد یونیورس کی ٹائم لائن سے چھیڑ چھاڑ شروع کرکے انسانیت کےلیے خطرہ بن جاتی ہے۔

اداکارہ کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ خبر شیئر کیے جانے کے بعد انہیں مبارک باد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مداحوں نے الزبتھ اولسن اور ان کے شوہر کے لیے زندگی کے اس نئے مرحلے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خوشیوں اور نجی زندگی کے احترام پر بھی زور دیا۔

کئی صارفین نے خاص طور پر لوگوں سے اپیل کی کہ چونکہ اداکارہ نے خود اس خبر کی تفصیلات منظرعام پر نہیں لائیں، اس لیے ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے اور ذاتی معاملات میں غیر ضروری مداخلت سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ الزبتھ اولسن اور رابی آرنیٹ نے کورونا وبا کے آغاز کے دوران شادی کی تھی۔ ان کے ہاں پہلے بچے کی آمد نے اب ان کی نجی زندگی میں ایک نئے اور خوشگوار باب کا آغاز کر دیا ہے۔

Load Next Story