ٹماٹر سے جلد کی خوبصورتی نکھارنے کے آسان گھریلو طریقے

وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ٹماٹر جلد کی رنگت بہتر بنانے اور اسے تازگی دینے میں معاون سمجھا جاتا ہے

کھانوں کا ذائقہ بڑھانے والا ٹماٹر صرف باورچی خانے تک محدود نہیں، بلکہ اسے جلد کی دیکھ بھال کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ٹماٹر جلد کی رنگت بہتر بنانے اور اسے تازگی دینے میں معاون سمجھا جاتا ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جلد پر موجود داغ دھبوں اور دانوں کی شدت کم کرنے میں بھی مددگار ہوسکتا ہے۔

چہرے کی رونق بحال کرنے کے لیے ٹماٹر کا فیس ماسک بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ایک ٹماٹر کو اچھی طرح میش کرکے اس میں تھوڑا سا دہی شامل کریں اور دونوں اجزا کو اچھی طرح ملا لیں۔ تیار شدہ ماسک چہرے پر لگائیں اور تقریباً 20 منٹ بعد پانی سے دھولیں۔ یہ ماسک دھوپ سے متاثرہ جلد کو تازگی اور نکھار دینے میں مدد کرسکتا ہے۔

سورج کی تپش سے متاثرہ یا سن ٹین والی جلد کے لیے ٹماٹر کے ساتھ لیموں کا رس بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ چند ٹماٹر کاٹ کر ان میں لیموں کا رس شامل کریں اور اس آمیزے کو چہرے کے متاثرہ حصوں پر لگائیں۔ کچھ دیر بعد تھوڑا پانی لے کر چہرے پر ہلکا مساج کریں اور پھر اسے دھولیں۔ تاہم حساس جلد رکھنے والے افراد کو یہ طریقہ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

بلیک ہیڈز کی صفائی کے لیے ٹماٹر کے رس کو ملتانی مٹی کے ساتھ ملا کر پیسٹ تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگانے کے بعد تقریباً 15 منٹ تک رہنے دیں، پھر تھوڑا پانی لگا کر ہلکا مساج کریں اور نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں۔

چہرے سے مردہ خلیات صاف کرنے کے لیے ٹماٹر اور چینی کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔ ایک ٹماٹر کاٹ کر اس پر ایک چائے کا چمچ چینی ڈالیں۔ چینی کے گھلنے کے بعد ٹماٹر سے چہرے پر نرمی سے مساج کریں۔ اس عمل سے جلد پر موجود مردہ خلیات دور کرنے اور چہرے کو صاف رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

چہرے کی جھریوں کے لیے ٹماٹر اور لیموں کا رس بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے دو چائے کے چمچ ٹماٹر کا رس اور اتنی ہی مقدار میں لیموں کا رس لیں اور روئی کی مدد سے اسے چہرے پر لگائیں۔ تقریباً 15 منٹ بعد چہرہ دھولیں۔

البتہ جلد پر کسی بھی گھریلو نسخے کے استعمال سے پہلے اسے جلد کے ایک چھوٹے حصے پر آزما لینا بہتر ہے، خاص طور پر حساس جلد رکھنے والے افراد احتیاط سے کام لیں۔

Load Next Story