پی ٹی آئی لانگ مارچ، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ساتھ پی پی پی سے بھی رابطے کا امکان
فوٹو: فائل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کردہ لانگ مارچ کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ حکمران اتحاد میں شامل پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سے بھی رابطے کا امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا اور سینئیر قیادت کی جانب سے پی پی پی سے بھی رابطے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں 14 اگست کے بعد تحریک انصاف کا وفد اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ سلمان اکرم راجا، جنید اکبر، عامر ڈوگر، عاطف خان سمیت 7 ارکان اپوزیشن سے ملاقاتیں کرے گا۔
اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کی سطح پر بھی رابطے کیے جائیں گے، مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے دو روز قبل پشاور میں منعقدہ جلسے میں 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا تھا جہاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ اگر عمران خان سے ملاقاتیں شروع نہ ہوئیں، ذاتی معالج سے علاج نہ کرایا گیا اور عدالتوں میں مقدمات نہ سنے گئے تو 27 ستمبر کو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عدالتوں پر کوئی امید نہیں رہی، 26 ویں اور 27 ویں ترامیم کے بعد عدالتیں مفلوج ہوچکی ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے ہر آئینی اور قانونی راستہ اپنایا گیا مگر ہماری بات نہیں سنی گئی۔