لاہور: اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے نئے تعمیر ہونیوالے تین اسکواش کورٹس کا افتتاح کر دیا
اسکواش کے لیجنڈ جہانگیر خان نے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکواش کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے تعمیر ہونے والے تین اسکواش کورٹس کا افتتاح کیا۔
اسکواش کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان کی نشترپارک اسپورٹس کمپلیکس آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ لیجنڈ جہانگیر خان نے ربن کاٹ کر اور شاٹ کھیل کر نئے تعمیر ہونے والے تین اسکواش کورٹس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو کامیابی کے لیے سخت محنت اور مسلسل پریکٹس کا پیغام بھی دیا۔
تقریب کے دوران اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تینوں کورٹس پاکستان اسکواش اکیڈمی کے حوالے کیے۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمٰن نے جہانگیر خان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ کمپلیکس میں چھ پریکٹس، ایک انٹرنیشنل اور ایک نیشنل اسکواش کورٹ سمیت جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اسپورٹس حکام کے مطابق جدید اسکواش کمپلیکس سے نوجوان کھلاڑیوں کو جہاں عالمی معیار کی تربیت میسر آئیں گی وہیں یہ کھلاڑی مستقبل میں اپنے کھیل سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرتے نظر آئیں گے۔