کراچی میں انکروچمنٹ آپریشن کے دوران ٹیم پر حملہ اور ہنگامہ آرائی کرنے پر 33 ملزمان گرفتار
شہر قائد کے علاقے سمن آباد میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران پولیس افسران و سول انتظامیہ کے اہلکاروں پر تشدد کرنے والے 33 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سمن آباد پولیس نے شفیق موڑ پر انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران مزاحمت ، پولیس افسران و سول انتظامیہ کے اہلکار کو زخمی، سڑکوں کی بندش ، پتھراؤ اور فائرنگ کرنے الزام میں 33 ملزمان گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ہنگامہ آرائی، پولیس مقابلہ ، اقدام قتل ، کار سرکار میں مداخلت اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ سمیت دیگر دفعات کے تحت واقعات کے 2 مقدمات درج کیے ہیں ۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے جاری اعلامیے کے مطابق سمن آباد شاہ ولی اللہ روڈ فیڈرل بی ایریا بلاک 19 میں قائم حاجی آغا ہوٹل پر جمعے کی شب سوا گیارہ بجے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسداد تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا.
کارروائی مختیار کار سمن آباد و ناظم آباد اور دیگر انتظامی افسران کی نگرانی میں کی جا رہی تھی جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی انتظامیہ کی معاونت کے لیے موقع پر موجود تھی۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ہوٹل کے مالک محمد ہاشم اور اس کے ملازمین کی جانب سے انتظامیہ اور پولیس کی کارروائی میں مزاحمت کی، مشتعل افراد نے پولیس اور انتظامیہ کے اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او حیدری مارکیٹ عدیل احمد کے کاندھے میں فریکچر ہوا جبکہ پولیس کانسٹیبل آصف بھی زخمی ہوا۔
مشتعل افراد کے حملے میں انتظامیہ کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔ ترجمان کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مزاحمت میں ملوث ہوٹل مالک محمد ہاشم سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور انھیں قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کیا۔
بعدازاں جعفر شاہ نامی ملزم پانچ مسلح گارڈز کے ہمراہ موقع پر پہنچا اور دیگر 100 سے زائد مشتعل افراد کو جمع کیا۔ مشتعل ہجوم نے شاہ ولی اللہ روڈ اور ایف بی ایریا انڈسٹریل روڈ کو غیر قانونی طور پر بند کر کے پولیس پر پتھراؤ کیا اور حالات کو مزید کشیدہ کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ بھی کی تاہم صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری اور اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں کو فوری طور پر موقع پر طلب کیا گیا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ہجوم کو منتشر کر کے دونوں سڑکوں کو کلیئر کروا کر ٹریفک کی روانی بحال کرا دی۔
اعلامیے کے مطابق پولیس نے کارروائی کے دوران جعفر شاہ سمیت مزید 30 افراد کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد واقعے میں گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی۔ ترجمان کے مطابق سمن آباد پولیس نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے 2 مقدمات درج کر لیے ہیں جس پہلا مقدمہ نمبر 212 سال 2026 بجرم دفعات 147 ، 148 ، 149 ، 353 ، 149 ، 324 چونتیس اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کے تحت درج کرلیا۔
دوسرا مقدمہ نمبر 213 سال 2026 سرکار کی مدعیت میں 147 ، 148 ، 149 ، 353 ، 324 ، 188 چونتیس اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کے تحت درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس حوالے کر دیا۔