سوارا بھاسکر ڈینگی کا شکار ہوگئیں، اسپتال میں داخل
بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر ڈینگی وائرس کی زد میں آنے کے بعد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ اداکارہ نے اپنے مداحوں کو اپنی طبیعت سے آگاہ کرتے ہوئے اسپتال کے بستر سے تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
سوارا بھاسکر نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ صورتحال اچانک بگڑ گئی اور انہیں اسپتال منتقل ہونا پڑا۔ اداکارہ نے مختصر پیغام میں کہا کہ معاملہ بہت تیزی سے آگے بڑھا، ڈینگی کی تشخیص ہوئی اور اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
فلم ’رانجھنا‘ سے شہرت حاصل کرنے والی سوارا نے فی الحال اپنی بیماری کی علامات، طبیعت کی موجودہ کیفیت یا اسپتال میں قیام کی متوقع مدت کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
سوارا کے اسپتال داخل ہونے کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹی وی ڈراما ’بالیکا ودھو‘ کی اداکارہ اویکا گور بھی ڈینگی کے باعث اسپتال میں داخل ہوچکی ہیں۔ اویکا کے شوہر ملند چندوانی کے مطابق ڈینگی کی تشخیص سے قبل اداکارہ پانچ روز تک شدید بخار میں مبتلا رہی تھیں۔
سوارا بھاسکر کو آخری بار ٹیلی وژن کے ریئلٹی شو ’پتی پتنی اور پنگا‘ میں دیکھا گیا تھا، جہاں وہ اپنے شوہر فہد احمد کے ہمراہ شریک ہوئی تھیں۔ اداکارہ نے تاحال اپنے اگلے فلمی یا ٹی وی پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا۔