ایران نے آبنائے ہرمز میں ٹول ٹیکس نہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے؛ امریکی نائب صدر

ایران کے کچھ حلقے ٹول ٹیکس کے حق میں تھے لیکن فی الحال ایسا نہیں کیا جائے گا، جے ڈی وینس

آبنائے ہرمز سے تیل و گیس کی محفوظ ترسیل جاری ہے؛ جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر کوئی ٹول یا فیس عائد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

یہ بات نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ اُن کے بقول ایرانی نظام کے بعض حلقوں میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے فیس وصول کرنے کی بات ضرور ہوئی تھی تاہم فی الحال ایسا نہیں ہو رہا ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا کو جنگ سے پہلے جس مقدار میں تیل اور گیس خلیجی خطے سے عالمی منڈیوں تک پہنچ رہی تھی۔ جنگ کے خاتمے کے بعد بھی تقریباً اتنی ہی مقدار میں ترسیل کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ جے ڈی وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کے سامنے نئی اور سخت شرائط پیش کی ہیں۔

ایرانی کونسل کے مطابق آبنائے اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکا اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لاتا۔

کونسل نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مستقبل میں ایران کو کسی بھی قسم کی دھمکی نہ دے، ایران اور اس کے علاقائی اتحادیوں کے خلاف جنگ مستقل طور پر ختم کرے، ایرانی بندرگاہوں کی مبینہ بحری ناکہ بندی اٹھائے اور خطے سے اپنی فوج واپس بلائے۔

علاوہ ازیں ایران نے 2025 اور 2026 کی جنگوں میں ہونے والے نقصانات کا مکمل معاوضہ، تمام امریکی پابندیوں کا خاتمہ اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی غیر مشروط واپسی بھی اپنے مطالبات میں شامل کی ہے۔

 

Load Next Story