راولپنڈی میں لاپتا بچی چوتھے روز بھی نہ مل سکی، سرچ آپریشن بند

پانچ سالہ حریم عمیر جمعرات کو کمیٹی چوک لنڈا بازار کے قریب سے لاپتہ ہوئی تھی

راولپنڈی:

کمیٹی چوک لنڈا بازار کے قریب لاپتہ ہونے والی 5 سالہ بچی حریم عمیر کا چوتھے روز بھی کوئی سراغ نہ مل سکا۔

ریسکیو 1122 نے جائے وقوعہ سے سواں پل تک تقریباً 13 کلومیٹر علاقے میں تفصیلی سرچنگ اور قریبی نالے کی ازسرِنو مکمل تلاشی کے بعد سرچ آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا، بچی کے نہ ملنے پر والدین غم سے نڈھال ہیں اور انہوں نے بچی کی بازیابی یا اطلاع دینے والے کے لیے 5 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پانچ سالہ حریم عمیر اپنے والدین کے ساتھ نانا کے گھر آئی تھی اور جمعرات کی صبح بارش کے دوران والدین کے ہمراہ واپس جاتے ہوئے گاڑی میں بیٹھتے وقت پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی۔ واقعے کے بعد ریسکیو 1122، اہلِ علاقہ اور پولیس نے تلاش شروع کی جبکہ والد کے بیان پر وارث خان تھانے میں اغواء کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر صبغت اللہ کے مطابق بچی کی تلاش کے لیے چوتھے روز بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا اور جائے وقوعہ کے قریب تقریباً 50 فٹ کے مخصوص حصے کی دوبارہ باریک بینی سے تلاشی لی گئی، تاہم بچی کا کوئی سراغ نہ مل سکا جس کے بعد آپریشن ختم کر دیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ چار روز کے دوران جائے وقوعہ سے لے کر سواں پل جی ٹی روڈ تک نالہ لئی کے تقریباً 13 کلومیٹر علاقے میں سرچنگ کی گئی لیکن بچی کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔

دوسری جانب وارث خان پولیس بھی ہیومن انٹیلیجنس اور سیف سٹی سمیت نجی مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے بچی کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایس ایچ او وارث خان تصدق الرحمان کے مطابق گرد و نواح میں نصب تمام کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا تاہم تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی، جس کے بعد اب ہیومن انٹیلیجنس کے ذریعے تلاش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

ادھر بچی کے مسلسل لاپتہ رہنے پر والدین اور اہل خانہ شدید پریشانی اور کرب میں مبتلا ہیں اور انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی معلومات کی صورت میں فوری اطلاع دیں، اطلاع دینے والے کو نقد انعام دیا جائے گا۔

Load Next Story