معاہدہ مکہ نیک شگون، ایران کو بھی شامل کیا جائے، حافظ نعیم

آزاد کشمیر کے مسئلے کو طاقت سے نہیں بلکہ مصلحت سے حل کرنا یوگا، امیر جماعت اسلامی

پشاور:

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں ہونے والا معاہدہ عالم اسلام کے لیے نیک شگون ہے.

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سہ فریقی معاہدے میں ایران کو بھی شامل کیا جانا چاہیے تاکہ مسلم ممالک کا مضبوط دفاعی نیٹ ورک قائم ہو سکے۔ معاہدے کے تناظر میں افغانستان کے مسئلے کو بھی حل کیا جا سکتا ہے اور اس کے لیے ایک جرگہ تشکیل دیا جائے جو تجارت اور امن و امان کے امور کو دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھ رہے ہیں جبکہ سوات میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ امن کے قیام کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے اور اندرونی حالات کو بہتر بنایا جائے تاکہ بیرونی مداخلت کا راستہ روکا جا سکے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا اور جنوبی اضلاع میں تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ افغان بارڈر پر تجارت بھی متاثر ہو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مہنگائی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 25 کروڑ عوام پر مہنگائی کے بوجھ ڈالے جا رہے ہیں، پٹرول کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مختلف ٹیکسز کے ذریعے عوام سے بھاری رقم وصول کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں کرپشن کے باعث عوام پر مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے جبکہ متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 7 اگست کو جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف کیا گیا احتجاج تاریخی تھا اور 16 اگست کو ملک بھر میں دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سمیت تمام طبقوں سے اس احتجاج میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء پر عائد ٹیکسز ختم کرنے اور پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت کو نااہلی اور کرپشن کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کے خلاف احتجاج کامیاب رہا ہے اور پرامن احتجاج عوام کا حق ہے۔

Load Next Story