کراچی ایئرپورٹ پر مسافر سے لاکھوں روپے مالیت کا الیکٹرانک سامان برآمد

برآمد شدہ سامان میں 29 کیمرے، 5 کیمرہ لینس، 10 فٹنس بینڈز سمیت دیگر الیکٹرانک اشیاء شامل

کراچی:

پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ارائیول پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی سے آنے والے مسافر کے سامان سے لاکھوں روپے مالیت کا الیکٹرانک سامان برآمد کر لیا۔

کسٹمز حکام کے مطابق دبئی سے آنے والی پرواز ایف زیڈ 335 کے مسافر کے سامان کو شک کی بنیاد پر اسکیننگ مشین سے گزارا گیا، جہاں مشکوک اشیاء کی نشاندہی ہوئی۔ بعد ازاں سامان کو ریڈ چینل منتقل کر کے تفصیلی تلاشی لی گئی۔

تلاشی کے دوران 29 کیمرے اور 5 کیمرہ لینس برآمد کیے گئے جبکہ 10 فٹنس بینڈز سمیت دیگر الیکٹرانک اشیاء بھی سامان سے نکلیں۔ حکام کے مطابق مسافر کے سامان سے برآمد ہونے والے قابلِ ڈیوٹی و ٹیکس 19 ڈیجیٹل کیمرے تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ اشیاء کی مجموعی مالیت تقریباً 55 لاکھ روپے ہے۔ تمام سامان کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے، مسافر کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

Load Next Story