میر رضا قتل کیس: ڈی آئی جی عامر فاروقی کی سربراہی میں نئی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل، نوٹی فکیشن جاری
مقتول میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی، ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سندھ کراچی عامر فاروقی تحقیقاتی ٹیم کے چیئرمین اورایس ایس پی آر آر ایف سید محمد علی رضا کو تحقیقاتی ٹیم کا سیکریٹری مقرر کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس ضمن میں نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی تحقیقاتی ٹیم میں ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی قیس خان اور ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل انعم تجمل بھی شامل ہیں ساتھ ہی ایس آئی او زمان ٹاؤن انسپکٹر چوہدری غضنفر کو بھی نئی تحقیقاتی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں کئی تحقیقاتی ٹیم کو کیس کی جامع، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے، نئی تحقیقاتی ٹیم تمام نئے اور اضافی شواہد اکٹھے اور محفوظ کرے گی، تحقیقاتی ٹیم فزیکل، ٹیکنیکل، حالات و واقعاتی اور فارنزک شواہد کا جائزہ لے گی۔
تحقیقاتی ٹیم مقررہ مدت میں متعلقہ عدالت میں رپورٹ پیش کرے گی اور ٹیم کو کیس کی پیش رفت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پررپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ٹیم کوتحقیقات کے ذریعے کیس کو تمام پہلوؤں سے منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔