تحصیل غازی کو وفاق میں شامل نہیں کیا گیا نوٹی فکیشن جعلی ہے، کے پی حکومت
فوٹو: فائل
خیبرپختونخوا حکومت نے تحصیل غازی کو وفاق میں شامل کرنے کے حوالے سے وائرل نوٹی فکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔
کے پی حکومت کے ترجمان شفیع جان نے کہا ہے کہ جعلی خبریں اور جعلی نوٹی فکیشن پھیلانا بعض عناصر کا وتیرہ بن چکا، تحصیل غازی کو وفاق میں شامل کرنے کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ایسی خبریں بے بنیاد ہیں، کسی بھی صوبے کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کے لیے آئینی ترمیم درکار ہوتی ہے محض ایک نوٹی فکیشن کے ذریعے خیبرپختونخوا کے کسی علاقے کی حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔
شفیع جان نے کہا کہ عوام نے ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے اس کا تحفظ ہماری آئینی اور جمہوری ذمہ داری ہے، عوام کے مینڈیٹ اور صوبے کی جغرافیائی وحدت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جس نے بھی جعلی نوٹی فکیشن یا من گھڑت خبر پھیلائی ہے اس کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل غازی خیبرپختونخوا کا حصہ ہے اور کسی جعلی نوٹی فکیشن کے ذریعے اس حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا، عوام جعلی نوٹی فکیشن اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں۔