رونالڈو کی شادی دیکھنے ہزاروں افراد چرچ پہنچے، دولہا دیکھ کر حیران رہ گئے
پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی شادی کی افواہ پر ہزاروں مداح میڈیرا کے فنچل کیتھیڈرل کے باہر جمع ہوگئے، تاہم کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد جب ان کو معلوم ہوا کہ شادی رونالڈو کی نہیں بلکہ کسی اور جوڑے کی ہے تو حیران رہ گئے۔
رونالڈو اور ان کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگز کی شادی سے متعلق خبریں گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں، تاہم دونوں کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
افواہ پھیلی کہ رونالڈو ہفتے کے روز میڈیرا میں شادی کرنے والے ہیں جس پر ہزاروں مداح اپنے پسندیدہ فٹبالر کو دولہا دیکھنے کے لیے فنچل کیتھیڈرل چرچ پہنچ گئے۔
کئی گھنٹے انتظار کے بعد جب دلہا اور دلہن چرچ سے باہر آئے تو مداح حیران رہ گئے۔ یہ رونالڈو اور جارجینا نہیں بلکہ پرتگالی شہری فابیو راموس اور فاطمہ نکول کونہا ٹیکسیرا تھے جو فرانس میں رہتے ہیں اور اپنی شادی کے لیے پرتگال آئے تھے۔
Over 2,000 Cristiano Ronaldo fans gathered outside Madeira Cathedral, mistakenly thinking they had arrived at his wedding, but instead found a Portuguese couple, Fabio Ramos and Fatima Nicole Cunha Teixeira, getting married. The fans even surrounded the bride's Rolls-Royce😁💔🇵🇹 pic.twitter.com/Yu0QS9zUFO
— Gracias leo zeus (@Beecroft_) August 9, 2026
نوبیاہتا جوڑا اور شادی میں شریک مہمان بھی چرچ کے باہر موجود ہزاروں افراد کا ہجوم دیکھ کر حیران رہ گئے۔
رونالڈو کی بہن ایلما ایویرو نے بھی ہجوم کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ خاندان کی جانب سے کسی اعلان کے بغیر مداحوں نے شادی کی افواہ پر یقین کیوں کیا۔
دوسری جانب رونالڈو نے بھی ہجوم کی ویڈیو پر ہنستے ہوئے ایموجیز کے ذریعے ردعمل دیا۔
Ronaldo responds to the people gathered outside Madeira Cathedral for Ronaldo wedding 😭😭😭😭 pic.twitter.com/jQluFbA9aK
— fan (@NoodleHairCR7) August 8, 2026
اگرچہ رونالڈو اور جارجینا نے شادی کی تصدیق نہیں کی، تاہم برطانوی اور پرتگالی میڈیا اب بھی دعویٰ کر رہا ہے کہ فنچل کیتھیڈرل ممکنہ طور پر ان کی شادی کی تقریب کا مقام ہوسکتا ہے۔